Breaking News
Home / تازہ ترین / اہل سنت والجماعت چترال کے زیر اہتمام یکم محرم الحرام کو شہادت فاروقؓ و حسینؓ کانفرنس منعقد ہوئی

اہل سنت والجماعت چترال کے زیر اہتمام یکم محرم الحرام کو شہادت فاروقؓ و حسینؓ کانفرنس منعقد ہوئی

چترال(ظہیرالدین)خلیفہ دوم سیدنا حضرت عمر فاروقؓ کے یوم شہادت کی مناسبت سے اہل سنت والجماعت چترال نے یکم محرم الحرام کو جمعہ کے روز شہادت فاروقؓ و حسینؓ کانفرنس منعقد کی جس سے خطاب کرتے ہوئے علمائے کرام اور سیاسی رہنماؤں نے ان ہستیوں کی عظمت اور شان کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہاکہ ان دونوں ہستیوں کی مبارک زندگی تاقیامت انسانیت کے لئے مشعل راہ اور رشدو ہدایت کا ذریعہ ہے جبکہ شان صحابہؓ کے لئے جان دینا ہرمسلمان کی ایمان کا حصہ ہے۔ کانفرنس سے اپنے خطاب میں اہل سنت والجماعت چترال کے صدر حافظ خوش ولی خان نے کہاکہ حضرت عمر فاروقؓ کی زندگی اور عہد حکومت کی مثالیں ہر کہیں اور ہر وقت اور ہر شعبہ زندگی میں دی جارہی ہیں جوکہ ان کی عظمت کا ثبوت ہے۔ا نہوں نے کہاکہ اسلام کے نام پر حاصل کردہ ملک پاکستان میں بھی اگر حضرت عمر فاروقؓ کے نقش قدم پر چلنے والا کوئی حکمران ہوتا تو آج برما، فلسطین اور کشمیر میں مسلمانوں کی حالت زار یہ نہ ہوتی۔ انہوں نے کہاکہ رسول کریمؐ کی مدنی زندگی کی مثال دینے پر جو حضرات سیخ پاہوتے ہیں، وہ امریکہ اور اس کے حواریوں کے مقلد ہیں جس میں کفار سے آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر معاملات طے کئے جاتے تھے اور یہ قابل افسوس بات ہے کہ ان باتوں کا ادراک کرنے والے حکمران اس ملک کو کبھی نصیب نہیں ہوئے۔ حافظ خوش ولی خان نے کہاکہ اگر خدانخواستہ ملک پر برُا وقت آیا تو اہل سنت والجماعت کے جان نثار افواج پاکستان کے شانہ بشانہ لڑنے اور امریکہ وانڈیا کے ساتھ جنگ بدر کا اعادہ کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تنظیم کے ہزاروں کارکن اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے شان صحابہؓ اور شعائر اسلام کا دفاع کیااور ان کی موجودگی میں ہمیں امریکہ سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں جنہیں حق نواز جھنگوی نے حق وصداقت کے لئے جانوں کی قربانی دینے کا عملی درس دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بعض سرکاری افسر ان اہل سنت والجماعت کی سرگرمیوں سے خائف ہیں لیکن ہم انتہائی ذمہ دار ہیں اور شرپسندوں کو کبھی بھی موقع نہیں دیا اور اپنے پروگرامات کرتے رہے ہیں اور ہمیں تنگ کرنے کا سلسلہ نہ روکا گیا تو اس کے اچھے نتائج برامد نہیں ہوں گے اور ہم ہر حال میں اسلامی تہوار مناتے اور شان صحابہؓ بیان کرتے رہیں گے۔ اس سے قبل اہل سنت والجماعت کے سرپرست مولانا سراج احمد نے حضرت عمر فاروقؓ کی شخصیت پر روشنی ڈالی اور کہاکہ ان صحابہ کرام کی کوششوں کی وجہ سے آج ہم چترال جیسے دورافتادہ علاقے میں اسلام کی روشنی سے منور ہیں۔ اہل سنت والجماعت کے ایک اور رہنما مولانا عبدالدیان نے کہاکہ صوبائی حکومت کی طرف سے شہادت فاروق اعظمؓ کو عام تعطیل کرنا بہت ہی مستحسن قدم ہے جس کی زندگی پوری انسانیت کے لئے ایک قابل تقلید مثال ہے۔ تحریک ختم نبوتؐ کے امیر مولانا اسرار الدین الہلال نے کہاکہ عمر فاروقؓ وہ عظیم ہستی ہیں جن کی رائے کی تائید میں قرآنی آیات نازل ہوئے جن میں مقام ابراہیم میں دورکعات نماز پڑھنا حج کے ارکان میں شامل ہیں۔ راہ حق پارٹی چترال جنرل سیکرٹری مولانا افتخار حسین نے کہاکہ ہمیں اگلے سال منعقد ہونے والے انتخابات میں ان امیدواروں کو ووٹ دینا چاہئے جن کی سیرت اور صورت صحابہ کرامؓ جیسے ہوں۔ اس موقع پر اہل سنت والجماعت کے جنرل سیکرٹری مولانا جاوید الرحمن نے ایک قرارداد کے ذریعے یکم محرم کو پورے ملک میں عام تعطیل کرنے، ضلعی حکومت کے زیر اہتمام صحابہ کرامؓ کے شہادتوں کے ایام کو منانے کا اہتمام کرنے، مختلف پبلک مقامات کو صحابہ کرامؓ کے ناموں سے منسوب کرنے اور برما کے مسلمانوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی کے صدر الحاج عید الحسین اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تحصیل صدر محمد کوثر ایڈوکیٹ نے بھی خطاب کرتے ہوئے حضرت عمر فاروقؓ اور حضرت حسینؓ کی زندگیوں پر روشنی ڈالی۔