Breaking News
Home / تازہ ترین / آل پاکستان مسلم لیگ کے ضلعی صدرسلطان وزیر نے عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں یارخون ویلی کا دورہ کیا؛کارنر میٹنگز میں شرکت

آل پاکستان مسلم لیگ کے ضلعی صدرسلطان وزیر نے عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں یارخون ویلی کا دورہ کیا؛کارنر میٹنگز میں شرکت

چترال(پ،ر)آل پاکستان مسلم لیگ چترال کے صدر سلطان وزیر نے عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں اپر چترال میں یونین کونسل یارخون کے مختلف علاقوں بریپ،کارگن،چوئنچ،بانگ اور پاؤر کا دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے کارنرمیٹنگ اور عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں علاقے کے عمائدین سے ملاقات کی ۔ پارٹی کے ان اہم مشاورتی اجلاسوں میں کثیر تعداد میں کارکنان اور پارٹی کے ہمدردوں نے شرکت کیں۔ پارٹی اجلاس میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مقامی عمائدین اور پارٹی کارکنان نے ضلعی قیادت کی تبدیلی کے حوالے سے پارٹی کے چیئرمین پرویز مشرف کے فیصلے کو سراہتے ہوئے یہ یقین دلایا کہ پرویز مشرف کی خدمات ناقابل فراموش ہیں اور پوری چترالی قوم انکا احسانمند ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آنے والے انتخابات میں اے پی ایم ایل کو جتوا کر چترال کی ترقی میں کردار ادا کرنے کا حقیقی موقع دیا جائیگا۔مقررین نے گذشتہ انتخابات کے بعد کارکنان کو نظر انداز کرنے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے پارٹی کے لئے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے سلطان وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان مسلم لیگ چترال کو عوامی پارٹی اور عوام کے سامنے جوابدہ بنانے کی بھرپور کوشش کی جارہی ہے تاکہ اب تک اے پی ایم ایل کے نام پر سیٹ جیتنے کے باوجود کارکنوں کی مایوسی کا ازالہ کیا جاسکے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ علاقے کی ترقی کے لیے یہ چیز ناگزیر ہے کہ سیاسی امیدواروں کو ان کی صلاحیتوں اور عوامی خدمت کے جذبوں کے موافق جانچا جانچا جائے۔قومیں چھوٹی موٹی عصبیتوں اور نفرتوں سے اوپر اٹھ کر ہی ترقی کرسکتی ہیں۔اے پی ایم ایل کے صدر نے کہا کہ جب تک لوگ ایک ایک ووٹ کو قومی امانت اور ترقی کے لیے فیصلہ کن نہیں سمجھیں گے حقیقی تبدیلی ممکن نہیں۔ سلطان وزیر صاحب نے شرکاء کو پارٹی کی حکمت عملی اور ترقی کے لیے پارٹی وژن سے بھی آگاہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہوگی کہ شفاف سیاست کو فروغ دیا جائے اور لوگوں کے سامنے ٹھوس اور قابل عمل منشور لایا جائے ۔دوغلاپن اور دعوؤں سے نہ ہی ترقی ممکن ہے اور نہ ہی لوگوں کا اعتماد حاصل کیا جاسکتا ہے۔