Breaking News
Home / کھیل / چترال گول کمیونٹی ڈویلپمنٹ اینڈ کنزرویشن ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام تین روزہ سپورٹس فیسٹول چترال میں شروع

چترال گول کمیونٹی ڈویلپمنٹ اینڈ کنزرویشن ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام تین روزہ سپورٹس فیسٹول چترال میں شروع

چترال(بشیرحسین آزاد)چترال گول کمیونٹی ڈویلپمنٹ اینڈ کنزرویشن ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام تین روزہ سپورٹس فیسٹول چترال میں شروع ہوا۔ اس سلسلے میں ایک پُر وقار تقریب ضلع کونسل ہال چترال میں منعقد ہواجس میں ممتاز قانون دان عبد الولی ایڈوکیٹ مہمان خصوصی تھے جبکہ ڈی ایف او وائلڈ لائف چترال گول نیشنل پارک ارشاد احمد، ایسو سی ایشن کے چیئر مین عالم زیب ایڈوکیٹ، پولو کوچ صوبیدار محمد آیاز، ممبر ڈسٹرکٹ کونسل ریاض احمد دیوان بیگی اور سنیئر پولو پلئیر ریٹائرڈ صوبیدار میجر ظفر علی شاہ کے علاوہ بڑی تعداد میں کھلاڑی اور شائقین موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین چترال گول کمیونٹی ڈویلپمنٹ اینڈ کنزر ویشن ایسوسی ایشن عالمزیب ایڈوکیٹ نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ کا بنیادی مقصد ماحول کی اہمیت اور اُس کے تحفظ کے بارے میں آگہی پھیلانا اور قدرتی وسائل کو دانشمندانہ طریقے سے استعمال کرنے کی ترغیب دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنزرویشن میں یوتھ کا بہت بڑا کردار ہے اسلئے یوتھ کیلئے کئی کھیلوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ عالمزیب ایڈوکیٹ نے کہا یہ تین روزہ سپورٹس فیسٹیول دوسری بار منعقد کیا جارہا ہے جس میں گیارہ وی سی سیز کے مجموعی طور پر7 پولو ٹیمیں، 11فٹبال،11کرکٹ اور انڈور گیمز کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جبکہ رسہ کشی کی 8ٹیمیں بھی اس میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولو چترال کا قدیم اور معروف کھیل ہے جسے زندہ رکھنا اور اُس کو فروغ دینا اُن کی ترجیحات میں شامل ہے، اس طر ح دیگر روایتی کھیلوں کا تحفظ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کھیل امن اور محبت کے پیغامات بانٹے ہیں اور چترال کا مثالی امن ان ہی وجہ سے زندہ ہے۔ اس موقع پر مہمان خصوصی عبد الولی ایڈوکیٹ نے کہا کہ چترال میں پولو جیسے عظیم کھیل کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ یہ صرف کھلاڑیوں ہی کا نہیں بلکہ ہزاروں تماشائیوں کا مشتر کہ کھیل ہے جسے چترال کے لوگ اپنی جان سے بھی عزیز رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چترال شہر میں چند ایسے خاندان ہیں جن کی وجہ سے یہ کھیل زندہ ہے۔ آج کے دور میں پولو کیلئے گھوڑا پالنا انتہائی مشکل کام ہے لیکن اپنی ثقافت سے محبت نے اس کھیل کو زندہ رکھنے میں بہت مدد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولو کے مستقل ترویج و تحفظ کیلئے خطیر فنڈ کی ضرورت ہے اور اس کیلئے موجودہ صوبائی حکومت سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں قائد تحریک انصاف عمران کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔ رسہ کشی کا مقابلہ ٹھینگشن اور زرگراندہ کے مابین ہوا جس میں ٹھئنگشن کو فتح حاصل ہوئی۔ بعد ازان پولو گراؤنڈ میں پہلے پو لو میچ کا افتتاح ہوا۔ پولو کے دو میچ کھیلے گئے پہلا مقابلہ مظفر الدین کلب بمقابلہ الطاف علی شاہ پولو کلب کے مابین کھیلا گیاجو کہ انتہائی سنسنی خیز رہا جس میں مظفر الدین پولو کلب نے الطاف علی شاہ پولو کلب کو انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4کے مقابلے پانج گولوں سے شکست دے دی۔دوسرا میچ شاہ عظمت پولو ٹیم بمقابلہ علی قلعی پولو کلب کے مابین کھیلا گیا جسمیں شاہ عظمت پولو کلب نے علی قلعی پولو کلب کو تین کے مقابلے ایک گول سے شکست دے دی۔