Breaking News
Home / کھیل / جشن شندور کا انعقاد جولائی کے تیسرے ہفتے میں متوقع،مزید بہتر انتظامات کئے جائینگے/پشاور میں منعقد اجلاس میں فیصلہ

جشن شندور کا انعقاد جولائی کے تیسرے ہفتے میں متوقع،مزید بہتر انتظامات کئے جائینگے/پشاور میں منعقد اجلاس میں فیصلہ

پشاور(نامہ نگار)جشن شندور کے انعقاد کے سلسلے میں ایک اہم مشاورتی اجلاس گذشتہ روز پشاور میں منعقد ہوئی جسکی صدار ت وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے سیاحت عبدالمنعیم خان نے کی۔ٹوارزم کارپوریشن کے دفتر میں ہونے والے اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں ممبر صوبائی اسمبلی سلیم خان،ایم پی اے سردار حسین،کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس نظام الدین،بریگیڈیئراقبال ہیڈکوارٹر21ڈویژن ملاکنڈ،طار ق خان سیکرٹری محکمہ سیاحت وکھیل،منیجنگ ڈائریکٹر ٹورازم کارپوریشن مشتاق احمد خان، جی ایم سجاد حمید، ضلع ناظم حاجی مغفرت شاہ، صدر پولو ایسوسی ایشن سکندرالملک،اے ڈی سی چترال نورالامین، ڈائریکٹر ہندوکش ٹریلز مقصودالملک، پی آئی اے کے بلال افضل،ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز چترال محی الدین ،نمائندہ پی ٹی وی،ہوم ڈیپارٹمنٹ اور سی اینڈ ڈبلیو کے نمائندے، ڈائریکٹر کلچر اجمل خان سمیت دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی عبدالمنعیم خان نے کہا کہ عید کے بعد شندور پولو فیسٹیول گزشتہ سال کی نسبت مزید احسن طریقے سے منعقد کیا جائے گا، فیسٹیول کے حتمی تاریخ کا فیصلہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی منظوری کے بعدکیا جائیگا ۔ وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی نے اس موقع پر پولو گراؤنڈ کی تزہین و آرائش، متعلقہ حکام کیساتھ میٹنگ کاانعقاد، واٹرسپلائی، ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے متعلقہ حکام کو احکامات جاری کئے،ان کا کہنا تھاکہ گزشتہ سال شندور پولو فیسٹیول کا کامیاب انعقاد کیا گیا جس میں گلگت بلتستان اور چترال کی ٹیموں نے شرکت کیں اور اس موقع پر ہزاروں کی تعداد میں ملکی اور غیر ملکی سیاحوں نے ایونٹ دیکھنے کیلئے شندور کا رخ کیا تھا تاہم اس دفعہ بھی کوشش ہے کہ پہلے سے مزید بہتر انداز میں پولو فیسٹیول کا انعقاد کیا جا سکے،اسکے انعقاد سے دنیا کو امن کا پیغام جائے گا۔ معاون خصوصی عبدالمنعیم خان نے کہاکہ ڈی سی چترال اور کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس شندور پولو فیسٹیول کے تمام سیفٹی امور کو مدنظر رکھنے سمیت فیسٹیول کے انعقاد کیلئے تیاریاں اور دیگر امور کو بھی دیکھیں گے جبکہ گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت اور دیگر اہم شخصیات سے فیسٹیول کے انعقاد کے سلسلے میں جلد میٹنگ کا انعقاد بھی کرینگے تاکہ تمام امور کو بہتر طریقے سے سرانجام دیا جا سکے، اجلاس میں شندور پولو فیسٹیول کے انعقاد کیلئے تاریخوں کا بھی تعین کیا گیا جوکہ 21 سے 23جولائی طے پائے تاہم ان تاریخوں کا حتمی فیصلہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کرینگے،اجلاس میں مزید کہاگیا کہ پولو فیسٹیول کے انعقاد سے قبل وہاں پانی کی سپلائی،ملکی سطح پر فیسٹیول کی رونمائی،پمفلٹ اور براؤشرز کی چھپائی، انفراسٹرکچرجس میں سڑکیں،پل اور دیگر راستوں کی تعمیر،گراؤنڈ کی تزہین وآرائش و لیولنگ،پاور سپلائی جنریٹر،ٹیلیفون کنکشن،ٹرانسپورٹ سہولیات، الیکٹرانک میڈیا کی کوریج،کھانے پینے کا انتظام،سیکورٹی انتظامات،لوکل ٹرانسپورٹ،وی وی آئی پیز کیلئے ہیلی کاپٹر سروس اور دیگر سہولیات،شام کے اوقات میں پروگرام جس میں کلچر نائٹ، میوزیک فیسٹیول، آتش بازی وغیرہ،دن کے اوقات میں پیرا گلائیڈنگ،چترال ڈانس اور دیگر پرفارمنس، فوڈ سٹالز، چترال اور گلگت کی مقامی ثقافتی اشیاء کے سٹالز،ٹینٹ ویلیج کا قیام اور دیگر اہم امور زیر غورآئے۔ان تمام امور کی مکمل تکمیل اور بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھانے کافیصلہ کیا گیا اور یہ بھی فیصلہ ہوا کہ اس کے علاوہ اگر مزید کوئی چیز زیرغور ہوئی تو وہ اگلے اجلاس میں زیر بحث لائی جائے گی۔